اسلام آباد(بی ایل ٰآئی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ہی آصف زرداری، فریال تالپور اور مراد علی شاہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کسی کی خواہش پر انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔
نیب ترجمان کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کی خواہش پر آصف زرداری، مراد علی شاہ اور فریال تالپور کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے کی مصدقہ نقول تاحال نیب کو موصول نہیں ہوئیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کےمصدقہ فیصلےکی روشنی میں قانون اپنا راستہ خودبنائےگا، نیب قانون کے مطابق اپنا کام کرنے پر یقین رکھتا ہے اور مقدمے کو حل کرتے وقت احتیاط سے کام لیتا ہے۔
نیب ترجمان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کے میڈیا پر دیے جانے والے حالیہ بیانات کا متن طلب کرلیا گیا جس کا مکمل جائزہ لیا جائے گا اور اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ نیب سے منسوب کرکے ایسے بیانات کیوں دیے جارہے ہیں۔