آکلینڈ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 244 رنز کا ہدف حاصل کر کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، کیوی بلے باز مارٹن گپٹل کی شاندار سینچری ضایع ہوگئی، کینگروز نے آکلینڈ میں پہاڑ جیسا ہدف آخری گیند پر چھکا لگا کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں راؤنڈ میچ میں 244 رنز کا سب سے بڑا ہدف پورا کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
ایرون فنچ نے 20ویں اورر کی آخری گیند پر شاندار چھکا جڑ کر ناممکن کو ممکن کر دکھایا، جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 20 گیندوں پر طوفانی ففٹی اور ڈوئرسی شارٹ نے 44 گیندوں پر 76 رنز کی دھواں دار اننگز کے ذریعے 5 وکٹوں سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
گپٹل نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کی دوسری سنچری مکمل کی
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری کی بدولت مقرر 20 اوورز میں 6 وکٹیں گنوا کر 243 رنز بنائے۔
گپٹل نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کی دوسری سنچری مکمل کرتے ہوئے 74 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے، جبکہ کولن منرو 6 چھکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
میچ کے دوران ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا ہدف عبور کرنے کے عالمی ریکارڈ کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کی جانب سے 32 چھکے لگانے کا ریکارڈ برابر ہوگیا، جبکہ 488 رنز بننے کا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔ ڈوئرسی شارٹ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔