آرمی چیف کو ترک فوج کی جانب سے ’’لیجن آف میرٹ‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا

انقرہ:  پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو ترکی کی جانب سے فوجی اعزاز لیجن آف میرٹ سے نوازا گیا جب کہ آرمی چیف نے اس ایوارڈ کو پاکستان اور ترکی کی مسلح افواج کے شہداء کے نام کردیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچے جہاں انہوں نے مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جب کہ مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے ترکی کی بری فوج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ان کا استقبال ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل صالح ذکی نے کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، ہیڈکوارٹرز میں جنرل قمر باجوہ کو علاقائی سلامتی کی صورت حال اور ترک فوج کی تربیت اور مختلف آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

پاک ترک دفاعی تعلقات کے فروغ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پروقار تقریب کے دوران ترکی کے فوجی اعزاز ’’لیجن آف میرٹ‘‘ سے بھی نوازا گیا۔ تقریب سے خطاب میں  جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ترکی پاکستانیوں کے دلوں میں بستا ہے جب کہ انہوں نے خود کو ملنے والے ایوارڈ کو پاکستان اور ترک افواج کے شہداء کے نام کردیا۔

بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے ترک ہم منصب جنرل ہلوسی آکار سے ملاقات کی اور خطے کی سلامتی اور امن و استحکام کے لیے دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے کردار پر تبادلہ خیال کیا، پاک ترک فوجی سربراہان نے دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، ترک فوجی قیادت نے دہشت گردی اور قیام امن کے آپریشنز میں پاکستان آرمی کے کردار کو بھی سراہا۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.