ان کی طرف کسی نے نظر بھی ڈالی تو میں آنکھیں نکال لوں گا ۔۔ مولانا فضل الرحمان نے کسے دھمکی دیدی ؟

بنوں
 جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان میں مدرسے اسلام کے قلعے ہیں ،مدرسوں کی طرف بری نظروں سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔ دین صرف عبادت کا نام نہیں ،انسان کی فلاح کیلئے خلافت اور سیاست بھی ضروری ہے۔ مردان واقعہ کی آڑ میں ناموس رسالت قانون میں تبدیلی کیلئے راہ ہموار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کسی بھی صورت قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہارقائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے اُم المدارس جامعہ العربیہ معراج العلوم بنوں میں 72واں سالانہ عظیم الشان جلسہ دستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر الحاج اکرم خان دُرانی ، ٹی ایم اے بنوں کے تحصیل ناظم اعلیٰ انجینئر ملک احسان اللہ خان اور پاکستان تحریک انصاف کے ڈسٹرکٹ ممبر ملک عصمت اللہ خان آمندی ، شاہ فہد تحصل ممبر سوکڑی سمیت ڈسٹرکٹ اور تحصیل ممبران اور سینکڑوں علمائے کرام اور ہزاروں کارکنان موجود تھے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وفاقی حکومت انسانی حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔ 40ایف سی آر کا قانون انسانیت سوز ہے ،ہمیں فاٹا کے صوبے میں انضمام کے موجودہ طریقہ کار سے بھی اختلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائل محب وطن ہیں ان کے مستقبل کے فیصلے ان سے پوچھ کر کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ پورے پاکستان میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے اور عوام کے مسائل حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں طالبعلم مشال کا قتل ٹھیک بات نہیں لیکن اس واقعہ کے بعد اب کچھ لوگ فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ واقعہ کی آڑ میں ناموس رسالت قانون میں تبدیلی کیلئے راہ ہموار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو کسی بھی صورت قبول نہیںہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مدرسے اسلام کے قلعے ہیں ،مدرسوں کی طرف بری نظروں سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دین صرف عبادت کا نام نہیں ،انسان کی فلاح کیلئے خلافت اور سیاست بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ دیا ہے۔ پاکستان میں غلط نظریات کے خلاف بھرپور جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام خدا کی زمین پر خدا کا نظام لانا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں فحاشی اور عریانی پھیلانے والے چہرے عوام نے پہچان لئے ہیں تبدیلی کے نام پر ساڑھے تین سالہ صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے عوام کی نظریں جمعیت علمائے اسلام پر لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان میں اسلامی نظام نافذ کرنے کے لئے جدوجہد کریں گے۔ انگریز کے کالے قوانین نے جمہوریت کا چہرہ بگاڑ دیا ہے۔
About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.