پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی ویمنز ٹیم، مینز ٹیم کے ہمراہ رواں برس اکتوبر میں 2 ٹی ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ میچز کراچی میں مینز ٹیم کے ساتھ ڈبل ہیڈرز کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے، ٹی ٹوئنٹی 14 اور 15 اکتوبر جبکہ ون ڈے 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق مسلسل دو روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کُل 4 میچ کھیلے جائیں گے جن میں سے 2 مینز اور 2 ویمنز ٹیموں کے ہوں گے۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان آئی تھی جبکہ ویمنز ٹیم کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں نے گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کا مقابلہ کیا تھا جس کے بعد ان کے درمیان کوئی میچ نہیں ہوا اور اس میچ میں انگلینڈ نے 42 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس سے قبل پاکستان نے انگلینڈ ویمنز کی ملائیشیا میں میزبانی کی تھی جہاں مہمان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-2 اور ایک روزہ سیریز 0-3 سے جیت لی تھی۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کا کہنا تھا کہ خواتین کی عالمی چمپیئن انگلینڈ کی ٹیم کی پہلی مرتبہ پاکستان آمد دنیا بھر خصوصا ہمارے خطے میں خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک اہم اعلان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اعلان پاکستان اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے تعلقات کی مضوطی اور اعتماد کی واضح مثال ہے، کووڈ-19 کی وجہ سے گزشتہ سال ملک میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچوں کے کامیاب انعقاد سے دیگر بورڈز کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی چمپیئن ٹیم کے پاکستان آنے سے جہاں قومی خواتین ٹیم کو تجربہ ملے گا وہیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مینز کرکٹ میچ سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی خطے میں ویمنز کرکٹ کے لیے شان دار لمحہ ہوگ
وسیم خان نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کے دورے سے دیگر ممالک کی خواتین ٹیموں کے دورہ پاکستان کے لیے بھی راستہ ہموار ہوگا۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق انگلینڈ ویمنز کرکٹ بورڈ کی سربراہ کلیئر کانر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں یہ تاریخی اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے، انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم اس سے قبل کبھی بھی پاکستان نہیں گئی، اس لیے یہ دوہ شان دار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان نہ صرف دونوں ٹیموں کے لیے کرکٹ کھیلنے کا ایک بہترین موقع ہے بلکہ اس دورے سے ہم دنیا بھر خصوصاً اس خطے میں خواتین کو بااختیار بنانے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
انگلینڈ ویمنز ٹیم کے دورے کا شیڈول
- پہلا ٹی ٹوئنٹی، 14 اکتوبر 2021 کو نیشنل اسٹیڈیم، کراچی
- دوسرا ٹی ٹوئنٹی، 15 اکتوبر 2020 نیشنل اسٹیڈیم، کراچیایک روزہ سیریز
- پہلا ایک روزہ میچ، 18 اکتوبر نیشنل اسٹیڈیم، کراچی
- دوسرا ایک روزہ میچ، 20 اکتوبر نیشنل اسٹیڈیم، کراچی
- تیسرا ایک روزہ میچ، 22 اکتوبر نیشنل اسٹیڈیم، کراچی
Be the first to comment