انکروچمنٹ کے حوالے سے سندھ حکومت سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل میں جارہی ہے: سید ناصر حسین شاہ

حیدرآباد(فہیم صدیقی) صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروس سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ انکروچمنٹ کے حوالے  سے سندھ حکومت سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل میں جارہی ہے، حکومت کسی بھی غریب کو بیروزگار اور بے گھر ہونے نہیں دے گی۔

پی ٹی آئی کی 100 روز کی کارکردگی اتنی اچھی نہیں ، ان دنوں میں وہ اپنی سمت کا بھی تعین نہیں کرسکے، وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ این آر او نہیں دینگے وہ بتائیں این آر او ان سے کون مانگ رہا ہے انہوں نے 2قوانین بنائے ہوئے ہیں ایک مخالفین کیلئے دوسرے اپنے لوگوں کیلئے ۔

یہ بات انہوں نے حیدرآباد پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریسی، سیکریٹری اطلاعات احسان ابڑو اور دیگر بھی موجو دتھے۔

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کی انکروچمنٹ کے حوالے سے عدالت سے رجوع کرکے ریویو پٹیشن دائر کررہے ہیں۔ عدالت کے احکامات کو جواز بناکر میئر کراچی نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے وہ دوکانیں بھی مسمار کردیں جن کو نہیں کیا جانا تھا۔

انہوں نے کہاکہ آصف زرداری کو اگر گرفتار کیا جاتا ہے کہ تو گرفتاری ان کیلئے نئی بات نہیں ہے ، وہ پہلے بھی ان چیزوں سے گزر چکے ہیں، نیب جو کارروائی کررہی ہے وہ غیرجانبدارانہ ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ مڈٹرم الیکشن کیلئے وزیراعظم نے خود کہہ دیا ہے اس حوالے سے اگر ہم کچھ کہتے تو ان کے دو گلو بٹ جو زبان کے گلو بٹ ہیں وہ ہم پر چڑھ دوڑتے ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں تجاوزات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر ایکشن ہوا ، میئر کراچی نے انکروچمنٹ کے ساتھ ساتھ قانونی جگہ بھی توڑ دیں جبکہ ان دوکانداروں کو انہوں نے ہی لیز پر جگہ دی تھی اور ماہانہ ان سے پیسے کے ایم سی لیتی تھی ، انکروچمنٹ کے حوالے سے سندھ حکومت سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل میں جارہی ہے ، حکومت کسی بھی غریب کو بیروزگار اور بے گھر ہونے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں 6شوگر ملیں چل رہی ہیں باقی شوگر ملیں بھی جلد ہی شروع ہوجائیں گی۔

یہ تاثرغلط ہے کہ اومنی گروپ کی وجہ سے یہ شوگر ملیں بحران کا شکار ہوئی ہیں، اومنی گروپ کی شوگر ملوں کے توخود اکاؤنٹ منجمد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب تک ایک بھی شوگر مل نہیں چلی ہے اور پنجاب کے کاشتکار اس حوالے سے روز احتجاج کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سندھ میں جیلوں کو شہروں سے باہر منتقل کرنے کیلئے بھی کام کیاجارہا ہے اس کے علاوہ جیلوں کیلئے نیا قانون بنایا جارہا ہے جس میں جیلوں کا پریزن نام کے بجائے کریکشن سینٹر نام رکھنے کی تجویز ہے۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.