انصاف کا ناپید ہونا بدامنی کے بنیادی وجہ ہے، سینیٹرسراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ دنیا میں آج امن اس لئے نہیں ہے کہ انصاف ناپید ہوچکا ہے ۔ بڑی طاقتیں صرف اپنے مفادات سمیٹنے میں لگی ہو ئی ہیں۔ مسلمانوں اور اسلام کے خلاف دہشتگردی کی جارہی ہے اور المیہ یہ ہے کہ الٹا انہی کو دہشتگرد اور انتہا پسند قرار دیا جارہاہے۔ اسلام پر دہشتگردی مسلط کی گئی ہے ۔

اتوار کو اسلام آباد میں معتدل مکالمہ اور پیغام امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ۔ ہم ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام امن و آشتی کا دین ہے لیکن مغرب کی طرف اس کے خلاف غلط معاندانہ پروپیگنڈا کر کے اس کا چہرہ داغدار کیا جارہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ انسانیت کا امن صرف اور صرف اسلامی نظام میں مضمر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پر الزام لگانے والے دہشتگردی کو سپورٹ اور دہشتگردوں سے تعاون کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عراق اور افغانستان کو کس جرم کی سزا دی گئی ان ممالک میں پچھلی دو دہائیوں سے شورش برپا ہے ۔ لاکھوں لوگ لقمہ اجل بنا دیے گئے ہیں اور ابھی تک وہاں قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ دنیا میں ڈیڑھ ارب مسلمان اور 56 اسلامی ریاستیں ہیں لیکن ان کے اندر اتحاد نہیں ہے ۔ افسوس کی بات ہے کہ وہ ابھی تک مشترکہ نصاب تعلیم ، مشترکہ دفاع اور مشترکہ منڈی نہیں بناسکے ۔ آج مسلم نوجوان مغرب کی آنکھ سے دیکھتاہے۔

انہوں نے کہاکہ تمام مسلم ممالک آپس میں اتحاد پیدا کریں اور مشترکہ نظام تعلیم ، مشترکہ دفاع اور مشترکہ منڈی قائم کریں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان ممالک کو احساس کرنا چاہیے کہ آپس میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے وہ مسائل سے دوچار ہیں۔ وہ اپنے دفاع کے لیے اپنے اندر اتحاد پیدا کریں ۔ یہ اتحاد کسی کے خلاف نہیں بلکہ اسلام کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہو گا۔

سینیٹر سراج الحق نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ حرمین شریفین کی حفاظت کرنا امت مسلمہ کا فرض ہے ۔ ہم اس کی دل و جان سے حفاظت کریں گے ۔ اسلام ، عالم اسلام کے دفاع کے لیے20 کروڑ پاکستانی سعودی عرب کے ساتھ ہیں ۔

About BLI News 3239 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.