دوحہ (بی ایل ٰآئی ) قطرنے امریکی صدر کی جانب سے سفارتخانے کی منتقلی کے اعلان کو فلسطین میں قیام امن کی کوششوں کے لئے موت کا پروانہ قرار دے دیا ہے، امریکی صدر کے اس اقدام کی وجہ سے خطے میں افراتفری اور خطرناک صورت حال پیدا ہوگی۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدا لرحمان الثانی نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کا اعلان ان لوگوں کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے جو خطے میں قیام امن کے خواہش مند ہیں۔ اس اعلان کے بعد خطے میں امن کی کوششوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل قطر کے امیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔