اسلام آباد( بی ایل آٸی)
امریکا میں منعقدہ دنیا کی سب سے بڑی سائنسی نمائش ’انٹیل سائنس فیئر‘ میں چار پاکستانی طلبا و طالبات نے غیرمعمولی ایوارڈ حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کردیا۔
انٹیل انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینئرنگ فیئر (آئی ایس ای ایف) ہر سال منعقد ہوتا ہے اور اس بار یہ امریکی شہر فینکس میں منعقد ہوا جس میں 80 ممالک کے 1800 کے قریب طلبا و طالبات شریک ہوئے اور اس سال 6 پاکستانی طلبا و طالبات اس میلے میں شریک ہوئے جن میں سے تین طلبا و طالبات پاک ترک معارف بین الاقوامی اسکول سے تعلق رکھتے تھے۔
ان میں سے پاک ترک معارف اسکول کی صدف نوشاد کے توانائی کے پروجیکٹ کو خصوصی انعام اور نقد رقم دی گئی اور ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی میں اسکالرشپ کی پیشکش بھی کی گئی۔
کراچی سے احمد اظفر اور عصید احمد بہتر روشنی کے لیے شعاعوں کو بڑھانے کے پروجیکٹ کو بھی اسکالر شپ اور خصوصی انعامات دیئے گئے۔ دوسری جانب راولپنڈی میاں عفان انوار کو کچرے کو خمیر میں بدل کر اس سے بجلی بنانے والے سیل پر بھی انعام سے نوازا گیا۔
اس موقع پر صدف نوشاد نے کہا کہ مجھ سمیت میرے اہلِ خانہ اور ساتھی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں کیونکہ ایک بہت بڑے پلیٹ فارم پر میری کاوش کو سراہا گیا ہے۔
صدف نے دہرے مقصد والی ایک ٹربائن کا منصوبہ پیش کیا تھا۔ اس ٹربائن کو بڑی شاہراہوں پر لگایا جاسکتا ہے جو ایک ورٹیکل ایکسس ٹربائن ہے۔ یہ ٹربائن ایک جانب تو ہوا سے بجلی بناتا ہے تو دوسری جانب گاڑیوں کی آمدورفت کو بھی توانائی میں تبدیل کرتا ہے لیکن بات یہاں ختم نہیں ہوتی بلکہ صدف نوشاد کا تیارکردہ ٹربائن زیرِزمین پانی نکال کر اسے زراعت کے لیے فراہم کرتا ہے۔
اس موقع پر ترکی کے معارف فاؤنڈیشن نے بھی اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ فاؤنڈیشن کے پاکستانی سربراہ صلاح الدین بدر نے آئی ایس ای ایف میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے تمام طلبا و طالبات کو ترکی کے دورے کی دعوت بھی دی۔