واشنگٹن: یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیوریٹی کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چار ملکوں کےلیے امریکی ویزوں پر تاحکمِ ثانی پابندی لگانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے کیونکہ وہ امریکی حکومت سے تعاون نہیں کررہے۔ویزا پابندی کی زد میں آنے والے ملکوں میں کمبوڈیا، اریٹیریا، گنی اورسیرالیون شامل ہیں جن کے بارے میں یو ایس ہوم لینڈ سیکیوریٹی ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ماضی میں جب بھی ان ممالک کے شہریوں کو (امریکی قوانین کی خلاف ورزی کے باعث) امریکا سے بے دخل کیا گیا تو انہوں نے اپنے شہریوں کو واپس قبول کرنے سے انکار کیا۔ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیوریٹی کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کو ان ملکوں پر ویزا پابندیوں کی باضابطہ درخواست بھجوائی جاچکی ہے جس کی مطابقت میں جلد ہی کوئی نیا حکم نامہ جاری کردیا جائے گا۔ ویزا پابندیوں کا اصل مقصد ان ممالک پر دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ امریکا سے بے دخل کیے گئے اپنے شہریوں کو واپس قبول کریں اور اپنے مقامی قوانین کے مطابق ان پر مقدمات بھی چلائیں۔