کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس ) کے صدر طارق اسلم ،سیکریٹری اصغرعظیم ،سینئر نائب صدر پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن سید نصر اقبال ایگزیکٹوکمیٹی پی ایس ڈبلیو ایف امتیاز نارنجا اور ارشاد علی سمیت سجاس کے تمام عہدیداروں اور ممبران نے پاکستان کے سینئر صحافی اور پی ایس ڈبلیو ایف کے صدر
امجد عزیز ملک کو سپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس کے ایگزیکٹو کمیٹی کا مسلسل دوسری بار رکن منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی پاکستانی صحافی نے مسلسل دوسری بار اس عالمی تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کوریا کے شہر بیانگ چنگ میں ہونے والے اسپورٹس جرنلسٹ کی عالمی تنظیم AIPS کے انتخابات میں دنیا بھر سے ایک سو چار ممالک نے شرکت کی،مجموعی 86 ممالک کے مندوبین نے انتخابات میں حصہ لیا۔اٹلی کے جیانی مرلو مسلسل چوتھی بار بلامقابلہ صدر منتخب ہو گئے۔ ترکی کے عزت یالمیر نے سینئر نائب صدر اور کروشیا کے اوزمک جورا نے خزانچی کا عہدہ بلامقابلہ حاصل کیا۔ نائب صدور کی چار نشستوں پر سات امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا جن میں سے قطر کے محمد حجی، یونان کے یانس داراس، روس کے ڈولوگوپلو اور کینیا کی خاتون امیدوار ایولن واٹا نے کامیابی حاصل کی۔ ایگزیکٹو کمیٹی کی 13 نشستوں پر 24 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ پاکستان کے امجد عزیز ملک نے مجموعی65 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ایشیا سے ان کے علاوہ ملائشیا کے احمد عیسیٰ خواری، ایران کے عبدالحامد احمدی،جاپان کے تاکوشی ہیروشی اور کوریا کے ہی ڈون جنگ پچاس فیصد سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ دیگر کامیاب امیدواروں میں ہنگری کی سوٹسزا،برازیل کے داتولی،رومانیہ کے امانیول،آسٹریا کے لینگر،موراکو کے مراد،سپین کے جان انتونیو اور سلووینیا کے زدار جوزے شامل ہیں۔ دریں اثناء میں سجاس اور پی ایس ڈبلیو ایف نے اپنے مشترکہ بیان میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ امجد عزیز ملک ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب ہونے کے بعدپاکستان کے اسپورٹس جرنلسٹ کی فلاح بہبود اور بین القوامی برادری میں پاکستان کے پر امن امیج کو اجاگر کرنے لے لئے پہلے سے زیادہ متحرک کردار ادا کریں گے ،مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امجد عزیز ملک کی کامیابی کسی ایک شہر یا صوبے کی نہیں بلکہ یہ پاکستان کی کامیابی ہے ،