اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 20ارب روپے کے اسٹاک مارکیٹ سپورٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دیدی
اسلام آباد( بی ایل آٸی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بیس ارب روپے مالیت کے اسٹاک مارکیٹ سپورٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔ فاٹا سے بے دخل افراد کی امداد کیلئے بیس ہزار ٹن گندم خریداری کی بھی منظوری دیدی گئی۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی نے وزارت خزانہ کی سمری پر اسٹاک مارکیٹ سپورٹ فنڈ کیلئے بیس ارب روپے کی گارنٹی کی منظوری دے دی۔ مارکیٹ کی سپورٹ کیلئے دو مختلف فنڈ تشکیل دیئےجائیں گے۔ اسٹیٹ انٹر پرائزز فنڈ اور ایکویٹی مارکیٹ فنڈ تشکیل دیئے جائیں گے۔ نیشنل انوسٹمنٹ ٹرسٹ ان دونوں فنڈز کی مینجمنٹ کرے گا۔ جبکہ نیشنل بینک آف پاکستان، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ اور نیشنل انشورنس کمپنی اس فنڈز میں سرمایہ کاری کریں گے۔
اسٹیٹ انٹرپرائزز فنڈ کے ذریعے صرف حکومتی ملکیتی اداروں کی حصص کی خریداری کرے گا۔ مارکیٹ سپورٹ فنڈ تین سال کیلئے قائم کیا گیا ہے۔
کمیٹی نے وزارت بحری امور کو وزارت پٹرولیم کی مشاورت سے نئی شپنگ پالیسی کیلئے تجاویز آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی نے فاٹا کے متاثرہ افراد کو بیس ہزار ٹن گندم کی فراہمی کیلئے اٹھترکروڑ روپے کی فراہمی کی بھی اجازت دے دی۔
اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی طرف سے سپلیمنٹری اور تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی