اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابی منشور کی تیاری کا آغاز کر دیا

اسلام آباد: آئندہ عام انتخابات کی تاریخ تو ابھی واضح نہیں ہے لیکن پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنی سی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور جلسے جلوسوں میں تیزی لانے کے علاوہ اب انتخابی منشور کی تیاری کا بھی آغاز کر دیا ہے۔اسلام آباد میں پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت منشور کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر فرحت اللہ بابر، نفیسہ شاہ، عذرا فضل پیچوہو اور صابر بلوچ نے شرکت کی۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔یہ پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے منشور کی تیاری کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔بیان کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے اور اس کا ووٹ بینک ملک کے ہر کونے میں موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوام کے لیے ایک امید ہے اور ووٹر توقع رکھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ملک کو اندرونی اور بیرونی بحران سے نکال سکتی ہے۔ پیپلز پارٹی ملک کو جناح کا پاکستان بنانے کے لیے پر عزم ہے۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ منشور کمیٹی چاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی۔منشور کمیٹی کشمیر گلگت بلتستان اور فاٹا اراکین سے بھی مشاورت کرے گی۔منشور کے خدوخال سے متعلق جماعت کا کہنا ہے کہ اس میں تمام طبقوں کو یکساں نمائندگی دی جائے گی۔ اقلیتوں کے حقوق کو پارٹی کے منشور میں اولین ترجیح دی جائے گی اور تعلیم صحت اور روزگار سب کے لیے کا پروگرام پیش کرے گی۔

About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.