اسلام اختلاف یا امتیاز کا قائل نہیں ،اس مذہب میں تمام لوگوں کی جان ومال یکساں اہمیت کی حامل ہیں :نواز شریف

کراچی (بی ایل آ ئی)وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مذہب کا استعمال کر کے کچھ لوگ نفرتیں پھیلاتے ہیں لیکن اسلام کا کسی اختلاف یا امتیاز کا قائل نہیں ہے ،پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ ایک مذہب کے ماننے والوں کو دوسرے پر ترجیح دی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام سب کو ایک نظر سے دیکھتا ہے اور تمام انسانوں کے جانوں ومال کو یکساں اہمیت دیتا ہے،اسلام طاقت سے مذہب تبدیل کرانے کو جرم قرار دیتا ہے ،پیغمبروں نے دین کی تعلیم دی لیکن کسی نے زور زبردستی نہیں کی ۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جو لوگ مذہب کی بنیاد پر شہریوں کے حقوق میں فرق کرتے ہیں وہ آئین کی پاسداری نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کام لوگوں کی جنت اور دوزخ کا فیصلہ کرنا نہیں بلکہ سب کے لیے دنیا کو جنت بنانا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکمران سے اللہ یہ نہیں پوچھے گا کہ تم نے کسی خاص مذہب کے پیرو کاروں کے لیے کیا کیابلکہ پوچھا جائے گا کہ مخلوق خدا کے لیے کیا کیا ؟۔وزیراعظم نے کہا کہ کوئی اللہ کہتا ہے ،کوئی ایشور اور کوئی وائے گورو لیکن ہم سب اللہ کی ہی مخلوق ہیں ،اللہ نے سب کو آزادی دی ہے ہم کون ہوتے ہیں اس کو چھیننے والے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر مذہب کے درمیان کوئی جھگڑا نہیں ہے ،چند لوگو ں کا اختلاف ہو سکتا ہے جس کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ،پاکستان میں امن پسند اور فسادیوں کے درمیان میں جنگ چل رہی ہے ،ہم سب کو پاکستان کی وحدت کے لیے پاکستانی بن کر سوچنا ہو گا ۔نواز شریف نے مزید کہاکہ دنیا کے سب مذاہب انسانیت کا احترام سکھاتے ہیں ۔

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.