’استادوں سے استادی‘ پولیس کو جعلی نوٹ سے جرمانے کی ادائیگی

برلن جرمن صوبے سیکسنی میں ایک موٹر وے کے پارکنگ ایریا میں ایک ٹرالر کے ‌ڈرائیور کو دوہری مشکل کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

پہلی مشکل اس کی غلطی کی وجہ سے پیدا ہوئی، دوسری مشکل کی وجہ اس غلطی کی تلافی کی غیر قانونی کوشش بنی۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے اس واقعےکی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ وفاقی صوبے سیکسنی میں کوڈرز ڈورف نامی قصبے کے قریب اے فور نامی موٹر وے کے ویزئر فورسٹ نامی علاقے میں قائم پارکنگ ایریا میں ایک پچاس سالہ ڈرائیور نے اپنا مال بردار ٹرالر غلط پارک کیا تھا۔

کچھ ہی دیر بعد جب وہاں پر خصوصی پولیس کے اہلکار معمول کی نگرانی کے لیے آئے تو اس ڈرائیور کو غلط پارکنگ پر 15 یورو جرمانہ کر دیا گیا۔

ان پولیس اہلکاروں کا تعلق مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت کے نگران وفاقی دفتر سے تھا، جنہیں جرمانہ کیے جانے پر ناخوش ڈرائیور نے موقع پر ہی 15 یورو ادا کر کے اپنی جان چھڑانے کی کوشش کی۔

کوڈرز ڈورف پولیس کے مطابق جب اس ڈرائیور نے موقع پر موجود سرکاری اہلکاروں کو جرمانے کی ادائیگی کے لیے 20 یورو کا نوٹ دیا، تو یہ اہلکار تذبذب کا شکار ہو گئے۔

پولیس نے بتایا کہ ان اہلکاروں میں سے پہلے ایک اور پھر دوسرے نے جب یہ نوٹ ہاتھ میں لیا، تو انہیں دال میں کچھ کالا محسوس ہوا۔

پھر جب اس نوٹ کا الٹرا وائلٹ روشنی والے ’کرنسی نوٹ ٹیسٹر‘ سے معائنہ کیا گیا، تو وہ جعلی نکلا۔

اس پر ان اہلکاروں نے نہ صرف 20 یورو کا یہ جعلی نوٹ ضبط کر لیا بلکہ ساتھ ہی ڈرائیور کے خلاف جعلی کرنسی گردش میں لانے کے الزام میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

اس بارے میں ڈی پی اے نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ متعلقہ ڈرائیور کا جرم اتنا بڑا نہیں تھا، جتنا اس جرم کی تلافی کے وقت کیا گیا جرم۔

پہلے تو جرمانے کی ادائیگی کے لیے جعلی نوٹ، اور پھر یہ نوٹ بھی کسی پولیس اہلکار کے ہاتھ میں تھما دینا، اسی کو تو کہتے ہیں، آ بیل مجھے مار۔‘‘

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.