کراچی(عبدالستار مندرہ )علم و ادب کے خزانے لٹاتے ادب فیسٹیول کا انعقاد کراچی آرٹس کونسل میں 31 جنوری سے ہوگا۔
ادب فیسٹیول کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد آرٹس کونسل کراچی میں کیا گیا، جس میں کمشنر کراچی افتخار شلوانی، صدر آرٹس کونسل احمد شاہ، امینہ سید اور آصف فرخی شریک ہوئے۔
اس موقع پر ادب فیسٹیول کی روحِ رواں امینہ سید کا کہنا تھا کہ ادب میلے کا آغاز جمعہ 31 جنوری کو شام 4 بجے کراچی آرٹس کونسل میں کیا جائے گا، فیسٹیول میں 200 سے زائد مقررین اور اداکار شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ادب فیسٹیول میں آنے والے ادیب متعلقہ سماجی امور پر بات کریں گے۔ اس موقع پر مختلف کتابوں کی رونمائی بھی کے جائے گی۔
کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ ہم ایسے ادبی میلوں کی میزبانی کرتے ہیں، کراچی اپنی شناخت کھو چکا تھا، ایسی سرگرمیوں کے انعقاد نے شہر کو نئی زندگی دی ہے، ہم نے اسٹریٹ لائبریری کا آغاز کیا، میراتھن جیسی صحت مند سرگرمی کا انعقاد کیا، سندھ حکومت کی جانب سے ہمیں بھرپور سپورٹ حاصل ہے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے پریقین رکھتا ہے، فیسٹیول کی بنیاد ہم نے پہلی عالمی اردو کانفرنس منعقد کرکے ڈالی۔ پھر کراچی لٹریچر فیسٹیول سمیت دوسرے فیسٹیولز ہونا شروع ہوگئے اور اس کے مثبت اثرات کراچی اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیکھنے میں آئے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی ادبی و ثقافتی اداروں کے ساتھ بھرپور انداز میں تعاون کررہا ہے، جس میں ادب فیسٹیول پاکستان بھی شامل ہے۔
امینہ سید کا کہنا تھا کہ آصف فرخی اور مجھے خوشی ہے کہ ہم لٹریچر فیسٹیول کی تحریک کا حصہ ہیں، جس کا بیج ہم نے ایک دہائی قبل بویا تھا، اب اس نے جڑ پکڑ لی ہے اور پورے پاکستان میں پھیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افتتاحی اجلاس کے اہم مقررین میں امر جلیل، آصف سعید کھوسہ، فرانسس رابنسن اور ملیحہ لودھی جبکہ اختتامی اجلاس کے اہم مقررین میں اڈانیہ شبلی، نور الہدیٰ شاہ اور سید سردار علی شاہ شامل ہیں۔
ادب فیسٹیول کی ہدایتکار اور کتھک ڈانس آرٹسٹ شما سید نے کہا کہ فرید ایاز قوال کی قوالی، ڈانس پرفارمنس اور کامیڈی ادب فیسٹیول کا لازمی جزو ہونگی، کیوں کہ اس طرح کے فنون میں “ادب” کا تصور بہت وسیع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادب فیسٹیول میں 200 کے قریب مقررین/ اداکار شرکت کریں گے جن میں افتخار عارف، زہرا نگاہ، عارفہ سیدہ زہرا ، کشور ناہید ، عامر حسین ، تھامس وہلہارٹ، سمیر چشتی، فرینک میہان، حسینہ معین، ندیم شیخ، ولادیمرا میسکو بریسٹینکا، عظمیٰ اسلم خان، جوش میئر تسنیم احمر، سید کاشف رضا، ایچ ایم نقوی، بیلہ رضا جمیل، طارق کھوسہ، جاوید جبار، عطیہ داﺅد، سلیم رضا، منیزہ نقوی اور ضرار کھوڑو شامل ہیں۔