ٹنڈو آدم (بی ایل ٰآئی) سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا، 18 ویں ترمیم پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، اب کوئی بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے۔
ضلع سانگھڑ کے شہر ٹنڈو آدم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نے گڑھی خدا بخش کی دھرتی کی قسم کھائی ہے ، ہمیشہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے قول پر چلتا رہوں گا، پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا تھا، اب کوئی بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے۔
وہ بولے کہ سندھ نہیں پورے پاکستان کے وسائل پر جنگ ہے، اپنے حق کیلئے لڑیں گے، 18ویں ترمیم پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے، ادارے کمیشن کیلئے وفاق میں لئے جارہے ہیں، اسلام آباد میں نئے دفاتر بنیں گے، نیا کمیشن آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اچھا کام کیا ہے، یہ تھوڑا دل کے کنجوس ہیں اور باقی خیر ہے، بے نظیر کہا کرتی تھیں کہ سندھ کے لوگوں کو پیٹ کی فکر ہوتی ہے، 1988ء کے بعد سندھ نے ترقی کی ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے لوگ بیوقوف ہیں، ان کی ٹانگیں پہلے ہی ڈگمگا رہی ہیں، معیشت ہم نے بھی تو چلائی تھی اور اسی معیشت میں تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا کیونکہ ہمیں غریب طبقے کا احساس تھا لیکن موجودہ حکمرانوں کو اپنے محلات کی فکر ہے۔