ابوظہبی
حکومت نے ابوظہبی آنے والے تمام ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزا دینے کا اعلان کردیا جس کے لیے ایئرپورٹ پر کاؤنٹر قائم کردیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی آنے والے افراد کو چار دن کے لیے سیاحتی ویزا دیا جائے گا اور یہ ویزا ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہی محض 15 تا 30 منٹ میں جاری کردیا جائے گا، اس ضمن میں امیگریشن حکام نے ابوظہبی ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری (ٹرانزٹ ایریا) پر نیا کاؤنٹر قائم کردیا ہے تاکہ ٹرانزٹ ویزا اور نئے آنے والوں کو فوری ویزا دیا جاسکے۔
یہ کاؤنٹر مختلف اقسام کے ویزے جاری کررہا ہے جس میں نئے آنے والے افراد کو سیاحتی ویزوں کا اجرا بھی شامل ہے ، ابوظہبی ایئرپورٹ پہنچنے والا کسی بھی ملک کا شہری اس کاؤنٹر پر جاکر سیاحتی ویزا حاصل کرسکتا ہے جو کہ اسے آدھے گھنٹے میں مل جائے گا، سیاحتی ویزا براہ راست ابوظہبی پہنچنے والے افراد کے ساتھ ساتھ ایسے افراد بھی حاصل کرسکتے ہیں جو ٹرانزٹ ویزا پر ابوظہبی پہنچے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کا ٹرانزٹ ویزا سیاحتی ویزا میں تبدیل کردیا جائے۔
قبل ازیں ایئرپورٹ پر ٹرانزٹ ویزا محض چند ممالک کے شہریوں کے لیے دستیاب تھا جب کہ دیگر ممالک کے شہریوں کو ٹرانزٹ ویزا کے لیے رائج طریقہ کار کے تحت وہاں آنے سے پہلے درخواست دینی پڑتی تھی۔