سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک)آپ کب کہاں گئے، کن راستوں پر سفر کرتے رہے اور کہاں گھومتے پھرتے رہے، آپ کا موبائل فون ان تمام معلومات کا اتنا تفصیلی ریکارڈ رکھتا ہے کہ آپ حیران رہ جائیں گے۔
دی انڈیپینڈنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق جدید سمارٹ فون یہ صلاحیت رکھتے ہیں کہ آپ انہیں جس جگہ بھی لے کر جائیں یہ ہر لوکیشن کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ چاہے آپ iOSآپریٹنگ سسٹم استعمال کرتے ہوں یا اینڈرائیڈ ہر طرح کے فونز میں یہ صلاحیت موجود ہوتی ہے۔ اس ڈیٹا کی مدد سے آپ کسی بھی وقت معلوم کرسکتے ہیں کہ ماضی میں آپ کہاں کہاں اور کس وقت جاچکے ہیں، لیکن یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنیاں آپ کی زندگی کی متعلق کس قدر معلومات جمع کررہی ہیں۔
گوگل کے Your Timeline پیج پر آپ اپنی لوکیشن کی تمام معلومات دیکھ سکتے ہیں۔ اسی پیج سے آپ اس ٹول کو آن کرسکتے ہیں، یا اگر چاہیں تو اسے آف بھی کرسکتے ہیں۔ا گر آپ اینڈرائیڈ استعمال کرتے ہیں تو ٹریکنگ فیچر صرف فون کے ذریعے ہی استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ iOS کی صورت میں اس کیلئے ایک ایپ چاہیے ہوتی ہے۔ یہ ایپ آپ کی لوکیشن ٹریک کرتی ہے اور کمپنی کو بھیج دیتی ہے۔
ا گر آپ اس فیچر کو آف کرنا چاہتے ہیں تو اپنے گوگل اکاﺅنٹ میں لاگ ان کریں اور لوکیشن ہسٹری کو آف کردیں۔ اب آپ موبائل فون پر جو بھی آپریٹنگ سسٹم استعمال کریں گے وہ آپ کی لوکیشن کا ریکارڈ نہیں رکھے گا۔ آپ لوکیشن ہسٹری پیج سے ہی اپنا گزشتہ ڈیٹا ڈیلیٹ بھی کرسکتے ہیں۔ اگر آپ ایپل کے صارف ہیں تو سیٹنگز ایپ میں پرائیویسی کی آپشن کھولیں، یہاں آپ کو لوکیشن سروسز کی آپشن ملے گی جس کے ذریعے آپ لوکیشن کے فیچر کو آف کرسکتے ہیں۔ سسٹم سروسز کی سیٹنگ میں فریکونٹ لوکیشنز پر کلک کرکے آپ ان تمام جگہوں کو دیکھ سکتے ہیں جہاں آپ جاتے رہے ہیں۔