آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے پروڈکشن ہاوس کا پہلا ڈرامہ

کراچی ( عبدالستار مندرہ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی پروڈکشن ہاﺅس کے زیر اہتمام اسٹیج ڈرامہ “ناچ نہ جانے” یکم مارچ 2019 سے شروع ہو گا۔ یہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے پروڈکشن ہاوس کا پہلا ڈرامہ ہو گا جو کہ کاپی کیٹس پروڈکشن کے تعاون سے پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے گزشتہ سال آرٹس کونسل میں پروڈکشن ہاوس قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ “ناج نہ جانے” اسٹیج ڈرامہ کا پریمیئر جمعرات کے روز آرٹس کونسل کراچی میں ہوا ڈرامہ معروف ڈرامہ رائٹر اور نقاد انور مقصود نے تحریر کیا ہے جو کہ “آنگن ٹیڑھا” اسٹیج ڈرامہ سے پہلے کہ زمانے کے متعلق ہے۔ پریمیئر کے موقع پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ، معروف رائٹرانور مقصود، معروف اسٹیج اور فلمی اداکار یاسر حسین اور داور محمود نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انور مقصود نے کہا کہ آنگن ٹیڑھا معروف ڈرامے ناچ نہ جانے کا پری ایکول ہے جس میں اکبر کا کردار یاسر حسین ادا کر چکے ہیں ان کی سات سال بعد تھیٹر میں واپسی ہوئی ہے اس دوران یہ فلموں میں بھی کردار ادا کر چکے ہیں۔ انورمقصود نے بتایا کہ آنگن ٹیڑھا سے حاصل آمدنی ان ادیبوں، شاعروں اور فنکاروں کو جائے گی جن کے پاس ذریعہ روزگار نہیں ہے وہ ایک مدت تک اس انڈسٹری کو اپنا سب کچھ دیتے رہے ہیں، اور اب ان کا حق بنتا ہے کہ ہم ان کی مدد اور تعاون کریں۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ اس ڈرامہ کی آمدنی کی ایک ایک پائی فنکاروں ،ادیبوں اور شاعروں کو پہنچائی جائے گی، ہم اس حوالے سے کافی عرصے سے فن کاروں کی مدد کر رہے ہیں لیکن آرٹس کونسل کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ سب کی مدد کر سکیں۔ اس لیے ہم نے انور مقصود کے ساتھ مل کر پروگرام بنایا کہ اس ڈرامہ کی آمدنی ان ادیبوں، شاعروں اور فنکاروں کو دی جائے گی جو اس وقت مشکل سے گزار ہ کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ یاسر حسین نے اس موقع پر کہا کہ وہ پہلے بھی انور مقصود کے ساتھ کام کر رہے ہیں جبکہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں دوبارہ موقع مل رہا ہے۔ ڈرامہ کے ڈائریکٹر داور محمود نے کہا کہ پہلی مارچ سے لوگ ہمیں اسٹیج پر دیکھ سکیں گے، پہلے دو ماہ یہ ڈرامہ کراچی آرٹس کونسل میں چلے گا اس کے بعد رمضان کا مہینہ آرام کا ہو گا جبکہ اس کے بعد دو،دو ہفتے لاہور اور اسلام آباد میں بھی پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس ڈرامہ میں ایک دو کے علاوہ تقریباً سب ہی فنکارنئے ہیں۔ انہوں نے گیارہ ہزار لوگوں کا آڈیشن لیا ہے جبکہ اس ڈرامے کے لیے بہترین لوگوں کا انتخاب کیا ہے۔ ڈرامے کے بیرون ملک پیش کیے جانے کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے انور مقصود نے کہا کہ جب اسلام آباد میں ڈرامہ ختم ہو جائے گا تو اس کے بعد اس کی ایک ڈی وی ڈی بنے گی ، اس حوالے سے ایک ٹی وی چینل سے بات ہو گئی ہے جسے دنیا بھر میں لوگ دیکھ سکیں گے۔
About BLI News 3241 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.