کوئٹہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے بعد ہزارہ برادری کے عمائدین نے دھرنا اور بھوک ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے ہزارہ برادری کے عمائدین سے ملاقات کی جس میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات کے بعد ہزارہ کمیونٹی کے عمائدین نے بلوچستان اسمبلی کے باہر دھرنا اور بھوک ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس سے قبل وزیر داخلہ احسن اقبال کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے بلوچستان شیعہ کانفرنس، مجلس وحدت مسلمین اور ایچ ڈی پی کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی تاہم مظاہرین نے ان کی اپیل مسترد کردی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دھرنے میں بیٹھے ہزارہ برادری کے مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ آرمی چیف ان سے ملاقات کریں اور ہمارے مطالبات سنیں، ہم اپنا احتجاج نہ صرف بڑھائیں گے بلکہ صوبے کی سطح پر اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک آرمی چیف کوئٹہ نہیں آتے، ہم ان کے ساتھ مذاکرات میں اپنے تین مطالبات پیش کریں گے۔