آئی سی سی ایوارڈز 2017 ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر حسن علی کے نام

کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم آئی سی سی کے سالانہ ایوارڈز میں پاکستان کے حسن علی کو سنہ 2017 کا ’ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا ہے جبکہ چیمپیئز ٹرافی میں پاکستان کی فتح کو شائقین نے سال کا بہترین لمحہ چنا ہے۔

سنہ 2017 کے لیے آئی سی سی کے ایوارڈ کا اعلان جمعرات کو کیا گیا ہے اور انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کو سال کا بہترین کرکٹر اور کپتان قرار دیا گیا ہے۔

2017 کا ابھرتا ہوا عالمی کھلاڑی قرار دیے جانے پر حسن علی کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈ ان کے لیے اور پاکستان کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے۔

حسن علی نے سنہ 2017 میں 18 ایک روزہ میچوں میں 17.04 کی اوسط سے 45 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ آئی سی سی کی ایک روزہ میچوں کے لیے بولروں کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت پہلے نمبر پر بھی ہیں۔

2017 کے لیے سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی انڈین کپتان وراٹ کوہلی کے نام رہی جو 2012 میں بھی سال کے بہترین کرکٹر کا اعزاز جیت چکے ہیں۔

ان ایوارڈز کے لیے کوالیفیکیشن کا دورانیہ ستمبر 2016 سے 2017 کے اختتام تک تھا۔ اس دوران کوہلی نے 77.80 کی اوسط سے 2203 ٹیسٹ رنز بنائے جن میں چھ ڈبل سنچریاں شامل ہیں، اور ایک روزہ میچوں میں 1818 رنز 82.63 کی اوسط سے بنائے۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال کرکٹر آف دی یئر کا ایوارڈ انڈیا کے ہی روی چندرن ایشون کو ملا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین کھلاڑی کا انعام آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ کو ملا جن کی بہترین بلے بازی نے حال ہی میں آسٹریلیا کی ایشز میں فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان کی انڈیا کو چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں شکست ’فین مومنٹ آف دی ایئر‘ رہی۔

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ 2017 کی ایک روزہ میچوں کی بہترین ٹیم میں بھی دو پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم اور حسن علی کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ان کے علاوہ انڈیا کے تین کھلاڑی وراٹ کوہلی، روہت شرما اور جسپریت بھمرا، جنوبی افریقہ سے ابراہم ڈویلیئرز اور کوئٹن ڈی کوک، افغانستان کے نوجوان سپنر راشد خان، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس، نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ اس ٹیم کا حصہ ہیں۔

2017 کی ٹیسٹ میچوں کی بہترین ٹیم کاگیسو رباڈا، ڈین الگار، کوئٹن ڈی کوک (جنوبی افریقہ)، سٹیو ورانر، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک (آسٹریلیا)، کوہلی، چیتشوار پوجارا، ایشون (انڈیا)، جیمز اینڈرسن، بن سٹوکس (انگلینڈ) پر مشتمل ہے۔

 

About BLI News 3238 Articles
Multilingual news provider for print & Electronic Media. Interviews, Exclusive Stories, Analysis, Features, Press Conferences Photo & Video Coverage and Economic Reviews, Pakistan and Worldwide. Opinions, Documentaries & broadcast.